mansoorafaq.com

Sunday 28 October 2012

بارگاہِ رسالت میں آنسو






فراتِ بابل  سے چند آنسو

ہوا کہ اشک مسلسل بکھیرتی آئی
اداسیوں بھرے بادل بکھیرتی آئی

دیارِ یار کی ظلمت نصیب ہچکی پر
شبِ سیہ بھی کاجل بکھیرتی آئی

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

 صدائیں آتی ہیں شعلوں کے بین کرنے کی
یا آبشار گرے ہے لہو کے جھرنے کی

عجیب ہے شبِ ماتم کہ نوحہ گر ہی نہیں
نئی روایتیں قائم ہوئی ہیں مرنے کی

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


دماغ درد کے بولوں سے اٹ گیا اپنا
بدن تمام پھپھولوں سے اٹ گیا اپنا

لکیریں ہاتھ کی بارود لے گیا چُن کر
نصیب توپ کے گولوں سے اٹ گیا اپنا

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

بچھا رہی ہے ثریا کے اوج صحرا میں 
لہو کی صبحِ ستم موج موج صحرا میں 

بموں کی آگ سے اپنی زمیں فروزاں ہے
اجالے بانٹتی پھرتی ہے فوج صحرا میں

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

لبِ فرات کی گفت و شنید گلیوں میں 
اجل بدست پھرے ہے یزید گلیوں میں

پڑی ہیں شہر میں لاشیں مدنیہ والوں کی
ہوئے حسین کئی پھر شہید گلیوں میں 

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ



فلسطین سے چند آنسو


طلسمِ شہر نگاراں حصارِ شب میں ہے
فروغِ صبحِ بہاراں حصارِ شب میں ہے

گرائے کون ستم کی بلند دیواریں
ہر ایک دیدہ ئ یاراں حصارِ شب میں ہے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

یہ سر زمین سسکتی بلکتی رہتی ہے
قدم قدم پہ قیامت دھڑکتی رہتی ہے

یہ آسمان بھی دیتا نہیں ہے چھت کا کام
سروں پہ ظلم کی بجلی کڑکتی رہتی ہے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


لہو سے خاک کی تزئین زندگی کیلئے
یہ روز کی نئی تدفین زندگی کیلئے

حصارِ موت میں تیرا ہے قبلہ ئ اول
تڑپ رہا ہے فلسطین زندگی کیلئے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

چراغ اپنے سروں کے جلا کے مجبوراً
گزارتے ہیں برس ابتلا کے مجبوراً

سرنگ دونوں طرف سے ہے بند جیون کی
ضمیر کرتے ہیں خود کش دھماکے مجبوراً

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


زیست آباد سے چند آنسو

سیاہ آگ کی برسات لے کے آئی ہے
لہو میں بھیگی ہوئی را ت لے کے آئی ہے

دھماکے ، بھوک ، تفاوت، درندگی ، وحشت
نئی صدی وہی ظلمات لے کے آئی ہے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

حیاتِ دست بریدہ سے پیپ بہتی ہے
ہر ایک زخمِ دریدہ سے پیپ بہتی ہے

بدن ہے آدم و حوا کا چشمہ ئ ناسور
بجائے خون کے دیدہ سے پیپ بہتی ہے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


ترا تھا حکم پسینہ نہ خشک ہو نے دو
اور اس سے پیشتر اجرت کرو ادا ان کو

کیا ہے خشک اجیروں نے خون بھی آقا
ملا نہ پھر بھی مشقت کا کچھ صلہ ان کو

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

سرِ معاش تفاوت کا داغ صدیوں سے
پڑاہے فقر کا خالی ایاغ صدیوںسے

کئے ہیں مورچہ ئ لوح پر بھی لاکھوں وار
مگرجلا نہیں اپنا چراغ صدیوں سے

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ

خداکی مرضی سمجھ کر فریب ِغربت میں
پڑی ہے تیسری دنیانشیبِ غربت میں

سمجھ رہی ہے کہ مالک ہے آسمانوں کی
کہ چار نیکی کے سکے ہیں جیبِ غربت میں

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


مثال چاہِ سگاں ارتکازِ زر آقا
ہیں بھن بھناتے جہاں مکھیوں کے پر آقا

ترے غریب ہیں غربت کی آخری حد پر
رئیس اور زیادہ رئیس تر آقا

لرز لرز کے کہا میں نے یا رسول اللہ


منصور آفاق

No comments:

Post a Comment